
صابر بخاری
ابوظہبی میں منعقد ہونے والے ابوظہبی انٹرنیشنل بک فیئر 2026 میں پاکستان کی ادبی، علمی اور ثقافتی نمائندگی ایک خوبصورت انداز میں سامنے آئی ہے۔ ADNEC سینٹر ابوظہبی میں پاکستان پویلین کا افتتاح آج متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے کیا۔ اس موقع پر پاکستان کی علمی، ادبی اور اشاعتی برادری سے وابستہ اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
پاکستان پویلین کی افتتاحی تقریب میں نیشنل بک فاؤنڈیشن پاکستان کے ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز مراد علی مہمند، بک کارنر پاکستان کے ڈائریکٹر امر شاہد اور اردو بکس ورلڈ کے شریک بانی سرمد خان سمیت اشاعتی و ادبی شعبے سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
پاکستان پویلین میں ملک کی ادبی، تعلیمی، ثقافتی اور فکری وراثت کی عکاسی کرنے والی متنوع کتب اور مطبوعات نمائش کے لیے پیش کی گئی ہیں۔ نیشنل بک فاؤنڈیشن، بک کارنر پاکستان اور دیگر معروف پاکستانی ناشرین کی جانب سے پیش کی جانے والی کتب میں اردو اور انگریزی ادب، بچوں کے لیے کتب، تعلیم، تاریخ، ثقافت، مذہب، شاعری، افسانہ، سوانح عمریاں اور عصرِ حاضر کے مختلف موضوعات پر مشتمل تصانیف شامل ہیں۔
افتتاح کے بعد سفیر شفقت علی خان نے پاکستان پویلین کا دورہ کیا اور وہاں شریک پاکستانی ناشرین سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے پاکستانی ادب کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور فروغ دینے کے لیے ناشرین کی کاوشوں کو سراہا۔ سفیر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کی ادبی اور ثقافتی موجودگی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سفارتخانہ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
اس موقع پر سفیر شفقت علی خان نے ابوظہبی عربی لینگویج سینٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سعید حمدان الطنیجی سے بھی ملاقات کی۔ ابوظہبی عربی لینگویج سینٹر اس بین الاقوامی کتاب میلے کا منتظم ادارہ ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ادب، اشاعت، ترجمہ، تعلیم اور ثقافتی تبادلے کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفیر نے ابوظہبی عربی لینگویج سینٹر کی ان کاوشوں کو بھی سراہا جن کے ذریعے ہر سال دنیا بھر سے ناشرین، مصنفین، ادیبوں اور ثقافتی اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جاتا ہے۔ ایسے عالمی ادبی میلوں کا انعقاد نہ صرف کتاب اور مطالعے کے فروغ کا ذریعہ بنتا ہے بلکہ مختلف ممالک اور تہذیبوں کے درمیان فکری اور ثقافتی روابط کو بھی مضبوط کرتا ہے۔
پاکستان پویلین ہال نمبر 5، اسٹینڈ 5E24، ADNEC سینٹر ابوظہبی میں قائم کیا گیا ہے، جہاں 13 سے 18 ستمبر 2026 تک روزانہ صبح 9 بجے سے رات 10 بجے تک آنے والے شائقین پاکستان کے ادبی اور اشاعتی منظرنامے سے آگاہی حاصل کر سکتے ہیں۔
پاکستان جیسے ملک کے لیے عالمی کتاب میلوں میں شرکت محض کتابوں کی نمائش تک محدود نہیں ہونی چاہیے۔ یہ دراصل ہماری زبان، ادب، تاریخ، ثقافت اور فکری روایت کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ پاکستانی مصنفین، شعرا، ناشرین اور ادبی اداروں کے لیے ایسے عالمی پلیٹ فارم نئے قارئین تک رسائی اور بین الاقوامی ادبی روابط کے فروغ کے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔
ابوظہبی میں پاکستان پویلین کا قیام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ امید کی جانی چاہیے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ادبی و ثقافتی روابط مستقبل میں مزید وسیع ہوں گے اور پاکستانی کتاب، ادب اور علم کو عالمی سطح پر مزید پذیرائی حاصل ہوگی۔
