

جرمنی، فرینکفرٹ ( نمائندہ زمانہ نیوز)
زمانہ نیوز میڈیا گروپ کے سی ای او و چیف ایڈیٹر صابر بخاری کی جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں منعقدہ بین الاقوامی کتاب میلے کے دوران اٹلی کے معروف کتاب میلے کی ڈائریکٹر ایلینا پاسولی سے خصوصی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر زمانہ نیوز کے لیے خصوصی انٹرویو بھی کیا گیا ، جس میں بین الاقوامی پبلشنگ انڈسٹری، کتابوں کی عالمی منڈی اور پاکستانی پبلشرز کے لیے اٹلی میں نئے مواقع کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔انٹرویو کے دوران ایلینا پاسولی نے اٹلی کے کتاب میلے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی سطح پر بچوں کی کتابوں، اشاعتی حقوق، مصنفین، مصوروں اور پبلشنگ انڈسٹری سے وابستہ افراد کے لیے ایک اہم بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے، جہاں مختلف ممالک کے پبلشرز اور تخلیق کار ایک دوسرے سے رابطے قائم کرنے، تجربات کے تبادلے اور کاروباری تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔اس موقع پر ایلینا پاسولی سے درخواست کی گئی کہ پاکستانی پبلشرز، صحافیوں، مصنفین اور کاروباری شخصیات کو آئندہ اٹلی بک فیئر میں شرکت کے لیے مدعو کرنے اور ان کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کے مواقع پیدا کرنے میں تعاون کیا جائے۔ اس پر ایلینا پاسولی نے پاکستانی وفود کی شرکت کے حوالے سے مثبت آمادگی ظاہر کی اور دعوت ناموں کے سلسلے میں تعاون پر رضامندی کا اظہار کیا۔ دعوت ناموں کے اجرا اور شرکت کی حتمی تفصیلات کا تعین متعلقہ منتظمین کے طریقۂ کار کے مطابق ہوگا۔صابر بخاری نے اس پیش رفت کو پاکستانی پبلشنگ انڈسٹری اور میڈیا کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی کتاب میلوں میں شرکت سے پاکستانی پبلشرز کو اپنی مطبوعات متعارف کرانے، غیر ملکی پبلشرز سے روابط بڑھانے، اشاعتی حقوق کے معاہدوں کے امکانات تلاش کرنے اور پاکستانی ادب و ثقافت کو عالمی قارئین تک پہنچانے کے مواقع مل سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ زمانہ نیوز پاکستانی صحافیوں، پبلشرز، مصنفین اور کاروباری حلقوں کو بین الاقوامی پلیٹ فارمز سے منسلک کرنے، پیشہ ورانہ روابط کو فروغ دینے اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ ان کے مطابق اٹلی بک فیئر میں پاکستانی وفد کی شرکت کے امکانات کو عملی شکل دینے کے لیے متعلقہ اداروں اور منتظمین کے ساتھ رابطوں کو آگے بڑھایا جائے گا۔
