
سکھر(بیورورپورٹ)تھانہ سائیٹ ایریا کی حدود تھیم چوک کے قریب دورانِ گشت پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں پولیس نے ایک مبینہ ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جبکہ اس کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار زخمی ملزم کی شناخت عمران شیخ کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس حکام کے مطابق پولیس اہلکار علاقے میں معمول کے مطابق گشت کر رہے تھے کہ تھیم چوک کے قریب مبینہ طور پر جرم کی نیت سے موجود مسلح افراد نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ کردی۔ پولیس نے جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہوگیا، جسے موقع پر گرفتار کرلیا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فائرنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق گرفتار زخمی ملزم عمران شیخ کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے متعلقہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔پولیس ریکارڈ کے مطابق گرفتار ملزم عمران شیخ مختلف سنگین نوعیت کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب رہا ہے، جن میں اسنیچنگ، چوری، ڈکیتی اور پولیس مقابلوں سے متعلق مقدمات شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم کا مزید مجرمانہ ریکارڈ مختلف تھانوں اور دیگر اضلاع سے بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔پولیس کی جانب سے فراہم کردہ ریکارڈ کے مطابق عمران شیخ کے خلاف تھانہ بی سیکشن میں مقدمہ نمبر 94/2022 زیرِ دفعات 324، 353، 401، 34 تعزیراتِ پاکستان (PPC) اور مقدمہ نمبر 95/2022 زیرِ دفعہ 24 سندھ آرمز ایکٹ درج ہے۔اسی طرح تھانہ سائیٹ ایریا میں اس کے خلاف مقدمہ نمبر 208/2026 زیرِ دفعات 324، 353، 401، 34 PPC جبکہ مقدمہ نمبر 209/2026 زیرِ دفعہ 24 سندھ آرمز ایکٹ درج ہونے کا پولیس ریکارڈ سامنے آیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ اس کے فرار ہونے والے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر تلاش اور سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کے مزید کرمنل ریکارڈ کی بھی مختلف تھانوں اور دیگر اضلاع سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں
